9مئی ملزمان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوسکتا ہے، سپریم کورٹ آئینی بنچ
فوٹو : فائل
اسلام آباد : سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آرمی ایکٹ کی 2 ڈی ون اور ٹو کو بحال کردیا، سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی شق 59(4) کو بھی بحال کردیا۔
سپریم کورٹ نے وزارت دفاع سمیت دیگر اپیلوں کو منظور کرلیا، اپیلیں منظور کرنے والے ججز میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔
جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس حسن رضوی بھی اکثریتی فیصلے میں شامل ہیں، جسٹس جمال مندو خیل اور نعیم افغان نے اختلاف کیا، فیصلہ کے مطابق 9مئی ملزمان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوسکتا ہے، سپریم کورٹ آئینی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
فوجی عدالتوں کے فیصلے کےخلاف اپیل کا حق دینے کیلئے معاملہ حکومت کو بھجوا دیا گیا، فیصلے میں کہا گیاکہ حکومت اپیل کا حق دینے کے حوالے سے قانون سازی کرے، ہائی کورٹ میں اپیل کا حق دینے کیلئے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی جائیں.
اٹارنی جنرل کے مطابق 39 فوجی تنصیبات پر 9مئی کو حملے ہوئے۔سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی کالعدم دفعات بحال کر دیں.
فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت اپیل کا حق دینے کے حوالے سے قانون سازی کرے،حکومت چاہے تو فوجی عدالتوں کی سزا کے خلاف ہائیکورٹ میں آزادانہ اپیل کا حق دے سکتی ہے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے اختلافی نوٹ میں کہا کہ آرمی ایکٹ آرمڈ فورسز کے لیے ہے،آرٹیکل 175 کے تحت عدالتوں کے قیام اور اختیارات واضح ہیں، آرٹیکل 175 کے تحت عدالتی نظام ایگزیکٹو سے مکمل الگ ہے۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ آئین اور اسلام میں شفاف ٹرائل اور معلومات تک رسائی کا حق دے رکھا ہے، آئین کا آرٹیکل 10 اے اور آرٹیکل 25 بالکل واضح ہے.
نو مئی کے ملزمان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کالعدم قرار دیا جاتا ہے، نو مئی کے تمام کیسز عام عدالتوں میں چلائے جائیں، گرفتار ملزمان کا درجہ انڈر ٹرائل قیدی کا ہو گا.
تبصرے بند ہیں.