کراچی میں 5منزلہ عمارت گر گئی،9 افراد جاں بحق، متعددملبے تلے دب گئے
فوٹو:سوشل میڈیا
کراچی: کراچی میں 5منزلہ عمارت گر گئی،9 افراد جاں بحق، متعددملبے تلے دب گئے ہیں جنھیں نکالنے ریسکیو آپریشن جاری ہے ، حادثہ لیاری کے علاقے بغدادی میں پیش آیا، 8 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ کے فوری بعد ریسکیو ادارے، پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کی مدد سے متاثرین کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق رہائشی عمارت کے ملبے سے 8 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا جن میں 3 خواتین شامل ہیں، زخمیوں کو ٹراما سنٹر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی انتظامیہ نے بتایا کہ ایک زخمی خاتون کی حالت غیر ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ عمارت گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 8 افراد کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے، 24 سے 25 افراد اس وقت ملبے تلے دبے ہیں.
ایدھی کے ترجمان نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ ملبے سے 2 لاشیں اور 5 زخمیوں کو نکالا گیا، کراچی کے جناح ہسپتال اور سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ متعدد افراد رہائشی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت میں کئی خاندان مقیم تھے اور گرنے سے قبل عمارت کی حالت خستہ تھی، شہر کے پرانے علاقے میں اب بھی کئی عمارتیں مخدوش حالت میں موجود ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت میں پھنسے تمام لوگوں کو جلد ریسکیو کیا جائے، اطراف میں تمام رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔
تبصرے بند ہیں.