قومی اقتصادی کونسل نے 4 ہزار 224ارب کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد : قومی اقتصادی کونسل نے 4 ہزار 224ارب کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
این ای سی اجلاس میں مالی سال 25-2024ء میں معیشت کی کارکردگی کے نظرثانی شدہ اشاریے پیش کیے گئے اور بتایا گیا کہ 3 ہزار 483 ارب روپے قومی ترقیاتی پروگرام خرچ کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 ہزار 483 ارب میں سے 1100 ارب وفاق اور 2 ہزار 383 ارب روپے صوبوں کا حصہ ہے۔
این ای سی نے 25-2024ء میں مجموعی قومی پیداوار کی 2 اعشاریہ 7 فیصد شرح نمو کی منظوری دی جبکہ اگلے مالی سال کےلیے 4 اعشاریہ 2 فیصد شرح نمو کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 24 تا اپریل 25 میں ترسیلات زر میں 30 اعشاریہ 9 فیصد اضافہ ہوا ہے ، کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس پہلی مرتبہ مثبت رہا ہے جبکہ مالی خسارہ کم ہوکر مجموعی قومی پیداوار کا 2 اعشاریہ 6 فیصد رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائمری بیلنس اضافے کے بعد مجموعی قومی پیداوار کا 3 فیصد رہا، حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے پالیسی ریٹ بتدریج کمی کے بعد 11 فیصد پر آیا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ جولائی 24 تا مئی 25 تک نجی شعبے کی ترقی کےلیے قرضے بڑھ کر 681 ارب تک پہنچے ہیں جبکہ مجموعی قومی پیداوار کا حجم 114 ٹریلین روپے یا 411 ارب ڈالر ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 26-2025ء کے سالانہ ترقیاتی پلان کی منظوری دی گئی، اس دوران 4 ہزار 224 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا، 1ہزار اب وفاق جبکہ صوبائی ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کےلیے 2 ہزار 869 ارب روپے مختص ہوں گے۔
وزیراعطم شہبازشریف نے کہا کہ ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، زرعی شعبہ ملکی زر مبادلہ میں اضافے اور شرح نمو میں اضافے کے لیے مرکزی کردار ادا کرتا ہے، زرعی پیداوار میں بتدریج اضافے کے لیے حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.