علیمہ خان کا مشال یوسفزئی کی نامزدگی پر اعتراض، عمران خان کے بچوں کے ویزا معاملے پرانکشافات
راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے خیبرپختونخوا سے منتخب سینیٹر مشال یوسفزئی کی نامزدگی کو میرٹ کے خلاف قرار دے دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں پر گفتگو کر کے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتیں، تاہم انصاف اور میرٹ پر مبنی فیصلے ہونے چاہیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی کے علاوہ بھی کئی افراد سینیٹ نشست کے لیے کوالیفائی کرتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آنا چاہتے ہیں مگر ان کے نائیکوپ گم ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق بچوں نے ویزا اور نائیکوپ کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن کے ٹریکنگ نمبرز ان کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون پر وہ حیران ہیں۔ ایک دوست نے جب پاکستانی سفیر سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ کی اجازت ضروری ہے۔ تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ اجازت وزارت خارجہ نے دینی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ایمرجنسی میں تو ویزا ایک گھنٹے میں لگتا ہے، لیکن اب ایمبیسی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا جا رہا۔
پی ٹی آئی تحریک سے متعلق سوال پر علیمہ خان نے واضح کیا کہ تحریک صرف بچوں کے حوالے سے نہیں بلکہ یہ عمران خان کی رہائی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا: “ہم دو سال سے جیلوں اور عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں، تحریک میں ہم ضرور شامل ہوں گے، اگر ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔”
ایک اور سوال پر علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے بچے آ رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ تحریک کے لیے “ان کا والد ہی کافی ہے”۔ انہوں نے جھوٹ قرار دیا کہ عمران خان نے بچوں کو پاکستان آنے سے روکا ہے۔
تبصرے بند ہیں.