پاک بھارت لڑاکا طیاروں کے درمیان ڈاگ فائٹ حالیہ ہوابازی کی سب سے طویل جھڑپ تھی
فوٹو : فائل
واشنگٹن(صباح نیوز) بھارتی جارحیت کے دوران پاک بھارت لڑاکا طیاروں کے درمیان ڈاگ فائٹ حالیہ ہوابازی کی سب سے طویل جھڑپ تھی اور اس کا شمار سب سے بڑی اور طویل جھڑپوں میں ہو گا۔
امریکی ٹیلی ویژن چینل سی این این کے مطابق اس جھڑپ میں مجموعی طور پر 125 لڑاکا طیارے شامل تھے،سی این این کے مطابق دونوں ممالک کے طیارے اپنی اپنی فضائی حدود میں رہے.
اس دوران میزائلوں کا تبادلہ اکثر 160 کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر ہوا۔ایک سینئر پاکستانی سکیورٹی عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ یہ حالیہ ہوابازی کی تاریخ کی سب سے بڑی اور طویل فضائی لڑائیوں میں شامل تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کسی بھی فریق نے اپنے پائلٹس کو سرحد پار بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا، بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے دوران 3 جنگی جہازوں کے تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔
بھارتی سیکیورٹی آفیشل نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ان کے 3 جنگی جہاز گر کر تباہ ہوگئے ہیں، جس کے بعد وہ ان وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی جریدے نے بتایا ہے کہ بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں کے حوالے سے وہاں کے عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل بھارتی اخبار نے بھی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کی فضائیہ نے 3 بھارتی جنگی جہازوں کو مار گرایا ہے۔
روزنامہ دی ہندو کی جانب سے بھارتی طیاروں کے گرنے کی خبر سوشل میڈیا ہینڈل پر شیئر کی گئی، تاہم کچھ دیر بعد ہٹا لی۔
فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک رافیل طیارہ مار گرایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ابھی ہم تصدیق کررہے ہیں کہ کیا واقعی پاکستان کی جانب سے ایک سے زیادہ رافیل مار گرائے گئے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ان فضائی جھڑپوں کے بعد بتایا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں.
تبصرے بند ہیں.