پاکستان،سعودی عرب، قطر کی طرف سے ایران پر اسرائیلی حملہ کی مذمت

فوٹو : فائل

اسلام آباد : پاکستان،سعودی عرب، قطر کی طرف سے ایران پر اسرائیلی حملہ کی مذمت کی گئی ہے، پاکستان کےترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی اور اسرائیلی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے منافی ہیں۔

شفقت علی خان نے واضح کردیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اسرائیلی حملے کے جواب میں دفاع کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل کو خطے میں جارحانہ اقدامات کرنے پر ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اس موقع پر ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیل نے خطے کے امن، سیکیورٹی اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا، عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل جارحیت رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کے گھناؤنے حملے نےعالمی قوانین کی بنیادوں کو ہلادیا۔

سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس جارحیت کو رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کے ایران پرحملے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر اسرائیل کےحملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،ایران کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے.

متحدہ عرب امارات اورقطر نے بھی اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نےایران پراسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کو مزید کشیدگی کی طرف نہ دھکیلیں۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.