سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے رابطہ، اسرائیلی حملوں کی مذمت، شہدا کے ورثاء سے اظہار ہمدردی
فوٹو : عرب نیوز فائل
الریاض : سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے رابطہ، اسرائیلی حملوں کی مذمت، شہدا کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کیا، سعودی ولی عہد ووزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سنیچر کو ایران کےصدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں ولی عہد نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مملکت کے مذمتی موقف کا اعادہ کیاا اور ان حملوں کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو سبوتاژ کرنے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا ’ اسرائیلی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کے حل کےلیے جاری مذاکرات ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔‘
انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کو مسترد کرنے اور اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زوردیا۔
ایرانی صدر مسعود یزشکیان نے ولی عہد کی جانب سے ایران اور اس کے عوام کےلیے نیک تمناوں اظہار کو سراہتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے مملکت کے موقف کو سراہا۔
ایرانی صدر نے حجاج کو واپسی کے حوالے سے خادم حرمین شریفین کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے سعودی ولی عہد نے سنیچر کو برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر اور ترک صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
رابطے کے دوران کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے کے لیے اپنی تمام کوششں بروئے کار لانے، مذاکرات کی طرف واپسی اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلان نے جمعے کو ٹیلی فون پر رابطے میں ایران پر اسرائیلی حملوں کے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر رابطے میں مشرق وسطیٰ میں سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا تھا.
تبصرے بند ہیں.