ایمل ولی سے چرس کا سگریٹ مانگنے پر چیرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کی  وضاحت

فوٹو : فائل

اسلام آباد : سینیٹر ایمل ولی سے چرس کا سگریٹ مانگنے پر چیرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کی  وضاحت سامنے آئی ہے، گزشتہ روز سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی اجلاس میں ایمل ولی خان سے بھرا ہوا سگریٹ مانگنے پر تلخی ہو گئی تھی.

اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کمیٹی برائے پسماندہ علاقوں کے اجلاس میں غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے.

انھوں نے کہا کہ ان کا کسی قسم کی بے ادبی یا غیرپارلیمانی زبان استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، میرا سینیڑ ایمل ولی خان کی واپسی پر ان کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں جملوں کا تبادلہ ہوا تاہم اگر اس سے کسی کو غیر ارادی طور پر رنچ پہنچا ہو تو وہ معزز کمیٹی کے روبرو اس پر پہلے بھی معذرت کر چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ وہ سینیٹر ایمل ولی خان اور ان کے خاندان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور تمام سینیٹرز کا احترام کرتے ہیں۔ ان کی ادارہ جاتی کارکردگی اور اقدامات کا ریکارڈ خود گواہ ہے اور ان کے خلاف سوشل میڈیا اور سیاسی سطح پر مہم ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے.

حفیظ الرحمان کا کہنا تھا اب اس معاملے میں برد باری اور قومی مفادات کے پیش نظر مثبت اور تعمیری رویے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی اجلاس میں سینیٹر ایمل ولی خان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا.

آغا شاہ زیب درانی کی زیرصدارت سینیٹ فنکشنل کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر ایمل ولی خان اور چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹر ایمل ولی خان پرچرس کا سگریٹ پینے کا الزام لگایا اور کہا کہ مجھے بھی چرس کا سگریٹ دیں۔ اس پر ایمل ولی کا کہنا تھاکہ آپ کو تکلیف کیا ہے ؟ ایک سرکاری ملازم مجھے کیسے کہہ سکتا ہے کہ آپ چرس پی کر آئے ہو؟

سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک سرکاری افسرکایہ انداز بالکل قابل قبول نہیں، آپ کو یہ جرات کس نے دی ہے کہ ایسے بات کریں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے ایمل ولی سے معذرت کی اور کہا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی۔ اس دوران ایمل ولی کا مزید کہنا تھاکہ اگر آپ چرس اور شراب پیتے ہیں تو ایسی باتیں کیا کریں، چیئرمین پی ٹی اے اجلاس میں رہیں گے یا میں رہوں گا۔

چیئرمین پی ٹی اے کو فنکشنل کمیٹی کا اجلاس چھوڑکرجانا پڑا۔ اس دوران چیئرمین کمیٹی آغا شاہ زیب درانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے کے رویے کی مذمت کرتے ہیں، چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹر ایمل ولی کی ہی نہیں بلکہ کمیٹی کی توہین کی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی اے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف ایکشن لیں۔

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.