حکومت بھاشا ڈیم سے سستی بجلی دینے کے وعدے سے مکر گئی،سستی نہیں بجلی مہنگی ہو گی، وزیر توانائی
فوٹو : فائل
اسلام آباد : حکومت بھاشا ڈیم سے سستی بجلی دینے کے وعدے سے مکر گئی،سستی نہیں بجلی مہنگی ہو گی، وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہےکہ دیامر بھاشا ڈیم سے پانی کی دستیابی بڑھے گی مگر سستی بجلی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی نےاسلام آباد میں بجلی کے شعبے میں تبدیلیوں پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سستی اور دستیاب بجلی بڑھانے کی کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں حکومت کو تمام ترقیاتی پارٹنرز کا تعاون دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کی خرید و فروخت سے نکالا جا رہا ہے، اس بات کو یقینی بنائیں گےکہ نجکاری سےصارفین کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم سے بجلی پیداوار کے لیے فنانسنگ دستیاب نہیں ہو رہی، ڈیم سے پانی کی دستیابی بڑھے گی مگر بھاشا ڈیم سے سستی بجلی کا حصول ممکن نہیں ہوگا جب کہ بھاشا ڈیم کی بجلی مہنگی بھی ہوگی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ 3 یا4 سال میں پاور سیکٹر لاسز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، حکومت کے پاس گرڈ کی مکمل معلومات بروقت نہیں ہوتیں، پاکستان کو بنیادی لوڈ کے لیے کوئلہ اور گیس سے بجلی پیداوار بڑھانا ہوگی۔
اویس لغاری نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیوب ویلزکو شمسی توانائی پرلانے سے سالانہ 60 ارب روپے کی بچت ہوگی.
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں کی جانب سے یہ دعوے کئے جاتے رہتے ہیں کہ بھاشا ڈیم سے بجلی پیداوار کے بعد بجلی زیادہ ہونے کے سبب سستی بھی ہو جائے گی.
تبصرے بند ہیں.