پاک افغان تعلقات میں اہم پیش رفت، دونوں ممالک نے سفارتی تعلق اپ گریڈ کردیا
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد : پاک افغان تعلقات میں اہم پیش رفت، دونوں ممالک نے سفارتی تعلق اپ گریڈ کردیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے.
افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح پر بلند کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔
افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ افغانستان بھی اسی نوعیت کا اقدام کرے گا، جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے 19 اپریل 2025 کے دورہ کابل کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد کی فضا کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ازبکستان-افغانستان-پاکستان (UAP) ریلوے لائن منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، دونوں وزرائے خارجہ نے اس فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔
یہ پیش رفت خطے میں رابطے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
دو روز قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانے کو سفیر کی سطح پراپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں افغانستان نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات اپنے ناظم الامور کو سفیر کی سطح تک بڑھا دیا تھا.
تبصرے بند ہیں.