پاکستان کو مضبوط بنانا ہے جہاں تمام ادارے بغیر دباؤ آئین کے مطابق کام کریں، فیلڈ مارشل
فوٹو : فائل
راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہےکشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، فیلڈ مارشل نے یہ بھی کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے.
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پانی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسیپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے، آپ(اساتذہ) نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے، معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا، ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے جب کہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے.
فیلڈ مارشل نے کہا ہم نے پاکستان کو مضبوط بنانا ہے جہاں تمام ادارے بغیر دباؤ آئین کے مطابق کام کریں، فیلڈ مارشل کا کہنا تھا ادارے قانون کے مطابق آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں.
انھوں نے کہا کہ جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے، اُس کی نفی کریں، بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکا نے سوال جواب سیشن میں کہا کہ تاثر یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے، ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے.
تبصرے بند ہیں.