دریائے سوات میں 18 افراد پانی میں بہہ گئے، 7 کی لاشیں مل گئیں، باقیوں کی تلاش جاری

فوٹو : اسکرین گریب

سوات : دریائے سوات میں 18 افراد پانی میں بہہ گئے، 7 کی لاشیں مل گئیں، باقیوں کی تلاش جاری ہے، دریا کے تیزبہاؤ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

ریسکیو کے مطابق متاثرہ خاندان ڈسکہ سیالکوٹ سے سوات سیر کے لیے آیا تھا جو دریا کے کنارے بیٹھا ناشتہ کررہا تھا تاہم اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں تیز بہاؤ ہوا اور وہ بچنے کیلئے دریا کے بیچ ایک ٹیلے پر چڑھ گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ 8 بجے کے قریب ان لوگوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملی، بائی پاس پر مہمان آئے ہوئے تھے جو دریا کے کنارے بیٹھے تھے، ان لوگوں کو پانی کے ریلے کا علم نہیں تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 3 افراد کو بچالیا گیا جب کہ 7 کی لاشیں مل گئی، اس کے علاوہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات نے بتایا کہ دریا میں نہانے اور اس کے قریب جانے پر دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے لیکن اس کے باوجود سیاح وہاں جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک سیاح نے کہا کہ ان کے خاندان کے 10 افراد دریا میں بہہ گئے جن میں سے ایک خاتون کی لاش مل گئی ہے اور 9 بچوں کی تلاش جاری ہے۔

سیاح نے بتایا کہ ہم ناشتہ کرکے چائے پی رہے تھے اور بچے دریا کے پاس سیلفی لینے گئے، اس وقت دریا میں اتنا پانی نہیں تھا، اچانک سے پانی آیا تو بچے پھنس گئے.

ریسکیو کو آگاہ کیا تو وہ ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد آئے، یہ سب ان کے سامنے ہوا، ریسکیو کی موجودگی میں بچے دریا میں ڈوبے اور وہ بچا نہیں سکے.

BIG SUCCESS

تبصرے بند ہیں.